بنگلورو:21/اپریل(ایس او نیوز) شہر کے بلندور تالاب کی جامع پیمانے پر صفائی کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے ایک خصوصی ٹیم ترتیب دی گئی ہے۔ اس تالاب کی صفائی کیلئے پہلے اور دوسرے مرحلے کاکام شروع کردیا گیا ہے۔ یہ بات آج وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے کہی۔ آج مہادیو پورہ اسمبلی حلقہ میں 44 کروڑ روپیوں کی لاگت پر ڈوڈ آنے کندی فلائی اوور کا افتتاح، 7.5کروڑ روپوں کی لاگت پر تین سڑکوں کی تجدید کا آغاز، ہوڈی میں اسکائی واک کی تعمیر کا سنگ بنیاد اور دیگر ترقیاتی پروگراموں کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلندور تالاب سمیت رام پور اور کلکیرے تالاب کی صفائی کا بھی منصوبہ حکومت کے زیر غور ہے۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں ان تمام تالابوں کی صفائی کے ذریعہ شہر کے ماحول کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔اس موقع پر میئر جی پدماوتی نے کہاکہ بلندور تالاب میں مسلسل جھاگ پائے جانے کے سلسلے میں نیشنل گرین ٹریبونل نے جو فیصلہ سنایا ہے بی بی ایم پی اس کی پابندی کرے گی اور اس تالاب کو بہتر بنانے کیلئے فوری قدم اٹھائے جائیں گے۔اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی اروند لمباولی، کارپوریٹرس ادے کمار، شیوتا وجئے کمار، ہری پرساد، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد، بی ڈی اے، بی بی ایم پی اور دیگر ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔